(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی چینل "کان” نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کی سیاسی قیادت آرمی چیف ہرزی ہیلیوی ، کو جلد ہی اپنے منصب سے مستعفی دیکھنا چاہتی ہے۔ چینل کے مطابق، اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے ہیلیوی کی استعفیٰ کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ان کے مطابق، آرمی چیف کو لبنان میں جنگ کے اختتام کے بعد اور 7 اکتوبر کی تحقیقات کے منظر عام پر آنے کے بعد استعفیٰ دینا چاہیے۔
چینل کے مطابق، یہ خواہش تین اہم وجوہات کی بنا پر سامنے آئی ہے۔ پہلی وجہ لبنان میں جاری جنگ کا اختتام ہے، جس کے بعد نئی قیادت کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ دوسری وجہ 7 اکتوبر کے واقعات کی تحقیقات ہیں، جنہیں اسرائیلی حکومت منظر عام پر لانا چاہتی ہے۔ تیسری اور آخری وجہ موجودہ حکومت کی یہ خواہش ہے کہ فوجی اور سیکورٹی اداروں میں تبدیلی کی جائے، جو صرف فوجی سربراہ تک محدود نہیں ہے، بلکہ پورے فوجی ادارے کے سربراہوں کو بھی تبدیل کرنے کا امکان ہے۔
اسی دوران اسرائیلی چینل 14 نے بھی اطلاع دی کہ ہرزی ہیلیوی نے اپنے استعفیٰ کی خواہش کا اشارہ دیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ وہ 7 اکتوبر کے واقعات کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اپنے منصب سے الگ ہو سکتے ہیں۔ ہاليفی نے اس حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ "ہم میں سے کوئی بھی 7 اکتوبر کی تحقیقات کو نظر انداز نہیں کرے گا۔ ہم نے جنگ کے دوران ان تحقیقات کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔”