(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی ریاستی دہشتگردی کے خلاف بطور احتجاج بھوک ہڑتال کرنےوالے فلسطینی اسیر سے اظہار یکجہتی کیلئے فلسطین کے حامی یہودی مذہبی گروپ نے اسپتال میں عیادت کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کی مذمت بھی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صیہونی ریاستی دہشتگردی اور غیر قانونی انتظامی حراست کی پالیسی کے خلاف بطور احتجاج بھوک ہڑتال کرنےو الےقوت گویائی سے محروم فلسطینی اسیر ماہر الخراس سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف آزاد فلسطین کے حامی یہودی مذہبی گروپ (ناطوری كارتا) کےاراکین نے اسپتال میں ان کی عیادت کی۔
یہودی مذہبی پیشواؤں کے گروپ نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتےہوئے یقین دلایا کہ مذہبی یہودی صیہونیوں کے جرائم کےخلاف فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے رہیں گے ۔
واضح رہے کہ فلسطینی اسیر ماہر الخراس صیہونی ریاست کی غیر قانونی انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت گزشتہ 101 دنوں سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں ان کا کہنا ہے کہ یا تو انھیں آزادی ملے گی یا وہ شہادت قبول کریں گے ۔