مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں ایک یہودی آبادکار نے ایک ہی خاندان کے تین افراد کو جان بوجھ کر اپنی گاڑی تلے کچل دیا۔ فلسطینی خاندان کے نوجواں اور دو خواتین کو سن 48ء کے مقبوضہ علاقے کے ایک ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
بیت لحم میں ایمرجنسی اور ایمبولینس سروس کے ترجمان عبدالحلیم نے بتایا کہ فلسطینی خاندان کو صہیونی آبادکار کی گاڑی تلے کچلے جانے کا واقعہ بدھ کی شب پیش آیا۔ فلسطینی خاندان ‘غوش عتصیون’ یہودی بستی کے قریب ام سلمونہ کراسنگ کے قریب کھڑے تھے کہ اسی اثناء میں ایک یہودی آبادکار نے اپنی تیز رفتار گاڑی ان سے جان بوجھ کر ٹکرا دی۔
فلسطینی ہلال احمر کے ذرائع کا کہنا ہے اسرائیلی ایمرجنسی سروس نے زخمی فلسطینی خاندان کو ہسپتال منتقل کیا جہاں دو مضروبین کی حالت خطرناک بتائی گئی ہے۔ تیسرے زخمی کی حالت تسلی بخش ہونے کی بناء پر انہیں فلسطینی ایمبولینس سروس کے حوالے کر دیا جائے گا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
