(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) 14 اپریل جمعتہ الوادع کے موقع پر یوم قدس کی مناسبت سے اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختلف عرب اور اسلامی ممالک میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
مقبوضہ بیت المقدس میں مختلف فلسطینی دھڑوں کی جانب سے مسجد الاقصیٰ کے تحفظ اور حمایت کے اظہار کے لیے مرکزی ریلی نکالی گئی جبکہ محصور شہر غزہ میں بھی ہزاروں فلسطینیوں نے فلسطینی پرچم اور مسجد الاقصیٰ کے حمایت میں پلے کارڈز کے ساتھ ریلی میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق یوم القدس کے موقع پر غزہ کے علاوہ شام اور لبنان کے پناہ گزین کیمپوں میں بھی فلسطینیوں نے صہیونی دشمن کے خلاف اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ کےلئے ریلیوں میں شرکت کی ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکڑوں شہریوں نے اسرائیلی پرچم نذر آتش کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔
یمن میں، درجنوں فلسطینیوں نے صنعاء میں ایک مرکزی احتجای ریلی میں شرکت کی جس میں مسجد اقصیٰ، فلسطینی عوام اور ان کے مزاحمت کے حق کی حمایت کرنے والے فلسطینی پرچم اور نشانات اٹھائے۔
اس کے علاوہ بحرین ،الجیریا، مصر ،اور قطر میں بھی عوام نے ریلیوں کا اہتمام کیا جس میں فلسطین پر صہیونی ریاست کے قبضے کی مذمت کی ۔
واضح رہے کہ 1979 سے یوم قدس ہر سال رمضان کے آخری جمعہ جمعتہ الوداع کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی حمایت اور حفاظت کے لئے منتخب کیا گیا ہے اور پوری دنیا میں ہزاروں افراد اس دن فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔