فلسطین کی منظم مذہبی اور سیاسی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے غزہ کی پٹی میں حکومت کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اپنے بیرون ملک دورے کے دوران ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں جہاں آج وہ صدر محمود احمدی نژاد اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے مذاکرات کریں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وزیراعظم اسماعیل ھنئیہ جمعہ کی شام کویت سے ایران روانہ ہوئے جہاں قبل ازیں انہوں نے بحرین اور قطر کا بھی سرکاری دورہ کیا تھا۔ یہ دو ماہ میں ان کا دوسرا بیرون ملک دورہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسماعیل ھنیہ ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کی دعوت پر تہران پہنچے ہیں۔ تہران آمد پر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا استقبال وزیرخارجہ علی اکبر صالحی نےکیا۔ بعد ازاں حماس اور ان کےساتھ آئے وفد کو سعد آباد کے محل میں لے جایا گیا جہاں فلسطینی وزیراعظم کے استقبال میں فلسطین اورایران کے قومی ترانے گائے گے اور انہیں گارڈ آف آنرپیش کیا گیا۔
اپنے بیرون ملک دورے کے دوران وزیراعظم اسماعیل ھنیہ آج تہران میں ایرانی صدر محمود احمدی نژاد، اسلامی جمہوریہ ایران کےرہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر اعلیٰ حکومتی اور سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ اسماعیل ھنیہ ایرانی انقلاب کی سالانہ تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔

