امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے سرگرم گروپ چار نے فلسطینی انتظامیہ اور اسرائیل کے مابین مذاکرات کی بحالی کے لیے بات چیت آئندہ ماہ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اتھارٹی، اسرائیلی حکام اور گروپ چار کے مندوبین کے درمیان مذاکرات وسط دسمبرکو ہوں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کےترجمان مارک ٹونرنے بتایا کہ "امریکا، یورپی یونین، روس اور اقوام متحدہ کے مندوبین پر مشتمل گروپ چار کے مذاکرات کاروں کے پیر کے روز ہوئے مذاکرات ابتدائی نوعیت کے تھے جن کےنتائج کو فی الحال سامنے نہیں لایا گیا ہے۔
امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ گروپ چارکے توسط سے فلسطینی اور اسرائیلی حکام کے مابین مذاکرات بحال کرانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ فریقین میں امن بات چیت کی بحالی ایک مشکل امرہے کیونکہ فریقین کے درمیان بامقصد مذاکرات شروع کرانے سے قبل باہمی اعتماد سازی کے لیے فضاء خوشگوار بنانے کی ضرورت ہے۔
مسٹر ٹونر کہہ رہے تھے پیر کے روز واشنگٹن میں گروپ چار کے فلسطینی انتظامیہ اور اسرائیلی مذاکرات کاروں کے ساتھ الگ الگ مذاکرات ہوئے۔ ان مذکرات میں فریقین کو بات چیت کی بحالی کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم بامقصد مذاکرات کے لیے مذید بات چیت کی جائے گی۔
خیال رہے کہ فلسطینی انتظامیہ اور اسرائیل کےمابین راست مذاکرات گذشتہ برس ستمبرمیں اس وقت تعطل کا شکار ہوئے تھے جب اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارےمیں یک طرفہ طور پر یہودی بستیوں کی تعمیر جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔