غرب اردن (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے، بیت المقدس اور غزہ کی پٹی میں گذشتہ ہفتے اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں مزید 5 فلسطینی شہید اور 5 اسرائیلی زخمی ہوگئے۔ مجموعی طورپر گذشتہ ہفتے فلسطینی علاقوں فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج کے درمیان 72 مقامات پرجھڑپوں کے واقعات رونما ہوئے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے اسرائیلی فوج پر فائرنگ، چاقو سے حملے، دستی بموں اور دیگر ذرائع کا استعمال کیا گیا۔
جمعہ کے روز اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں سلواد کے مقام پر 17 سالہ محمد حماد شماسنہ شہید ہوگئے جب کہ مشرقی رفح میں 25 سالہ ایھاب عطا اللہ عابد اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنے۔
جمعہ کے روز اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 32 فلسطینی زخمی ہوئے اور 17 مقامات پر فلسطینیوں اور قابض اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔
جمعرات کو 11 مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا جب کہ بدھ کے روز 10 مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ گذشتہ ہفتے کے وسط میں اسرائیلی فائرنگ سے 24 سالہ محمود العبد النباھینن شہید اور البریج کیمپ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے دو فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔