مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی گرفتاریاں اور تفتیشی طلبیاں آئے روز کا معمول ہے۔ ایسی ہی ایک تازہ کارروائی میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے دو نوجوانوں کو پوچھ تاچھ کے لیے طلب کرلیاہے ۔
فوجی اہلکاروں نے دونوں کے گھروں پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں اور بچوں اور خواتین کو ہراساں کیا۔ کارروائی کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی ذرائع نے”مرکز اطلاعات فلسطین”کے نمائندے کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے بیت لحم گورنری کے ٹاؤن بیت ساحول کی علاقے عبیات پر دھاوا بولا اور متعدد گھروں میں گھس کر بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی۔
اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے اہلکار بھی فوجیوں کے ہمراہ تھے۔ اہلکاروں نے پہلے خلیل عوض اللہ کے گھر پر حملہ کیا اور ان کے اکیس سالہ بیٹے خالد کو تفتیش کے لیے انٹیلی جنس کے ہیڈ کوارٹر حاضر ہونے کی ہدایت کردی، اس دوران بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ عبیات کے علاقے میں بھی بائیس سالہ علاء عوض عبیات کو تفتیشی ایجنسیوں سے رجوع کرنے کے آرڈرز دے دیے گئے ہیں۔
ہشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
