(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطینی شہریوں پر روا رکھے جانے والے مظالم میں قابض یہودی آباد کار بھی اپنے فوج سے کسی طرح پیچھے نہیں رہے،بیت المقدس میں ایک وحشی آباد کار نے ایک فلسطینی شہری کو اپنی گاڑی تلے کچل کر زخمی کرڈالا۔
تفصیلات کے مطابق بیت المقدس میں 19 سالہ فلسطینی شہری عدنان سامر پر یہودی آباد کار نے اپنی تیز رفتار گاڑی چڑھادی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گیا ۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہودی آباد کار نے فلسطینی نوجوان کو اس وقت کچلا جب وہ مغربی بیت المقدس میں شاہراہ ابو غوش میں اپنے کام پر جا رہا تھا۔ زخمی فلسطینی نوجوان کو فوری طور پر القدس میں ‘ھداسا عین کارم’ اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
یاد رہے کہ قابض اسرائیلی فوج کی طرح فلسطینی عوام پر حملے کرنا اور ان کو جانی نقصان پہنچانا یہودی آباد کاروں کا بھی وطیرہ بن چکا ہے۔جس کے لیے وہ مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں جن میں سب سے گھناونا طریقہ راہ چلتے فلسطینیوں پر گاڑی چڑھا کر انکو کچل دینا ہے۔اور گزشتہ چند ماہ میں ان واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
