قابض اسرائیلی فوج کے بلڈوزرز نے پیر کی صبح اس ہفتے میں دوسری بار نابلس شہر کے عقربہ قصبے میں اتاویل وادی پر حملہ کرکے فلسطینی املاک کو مسمار کردیا۔
عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی ایک بڑی تعداد نے فوجی گاڑیوں میں سوار ہو کر اتاویل وادی پر دھاوا بول دیا اور فلسطینی املاک کو تباہ کرنے کا سلسلہ شروع کردیا۔انہوں نے بتایا کہ قریبی قصبات سے تعلق رکھنے والے بہت سے فلسطینی شہری بھی اتاویل کے رہائشیوں کی حمایت میں اکٹھے ہوگئے۔ گھروں کے ساتھ ساتھ اسرائیلی بلڈوزرز نے دو ہفتے قبل شہید کی جانے والی مسجد کے قریب واقع پانی کے کنویں اور میڈیکل یونٹ کو بھی مسمار کردیا۔
حملہ آور فوج نے دو ہفتے قبل ہی مسمار ہونے والے گھروں کے رہائشیوں سے ٹینٹ بھی چھین لئے۔ قابض فوج نے 24 اپریل کو اس وادی میں موجود واحد مسجد اور اس کے ساتھ موجود چھ گھروں اور مویشیوں کے باڑوں کو بغیر لائسنس تعمیر کے الزام میں مسمار کردیا۔
