فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ صہیونی میڈیا میں آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے مغربی کنارے اور بیت المقدس کی تین یہودی کالونیوں میں مزید 232 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔ عبرانی ہفت روزہ جریدے‘‘ یروشلم’’ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی لینڈ انتظامیہ نے گذشتہ ہفتے مقبوضہ بیت المقدس میں قائم یہودی کالونی‘‘ آگان ایلوت’’ اور ‘‘جبعات زئیف’’ میں یہودی آباد کاروں کے لیے مزید 180 مکانات کی تعمیر کے لیے ٹینڈر طلب کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہودی کالونی‘‘ آگان ایلوت’’ کا آغاز نوے کی دہائی میں کیا گیا تھا تاہم فلسطینیوں کی دوسری تحریک انتفاضہ کے شروع کیے جانے کے بعد اس کی توسیع کا کام روک دیا گیا تھا۔ ایک دوسرے اخبار‘‘کول ھعیر’’ نے اپنی رپورٹ میں اطلاع دی ہے کہ وزارت تعمیرات و آباد کاری نے ‘‘ھارحوما’’ کالونی میں مجموعی طور پر 900 میں سے 25مکانات کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ ایک دوسری اسکیم میں اسی کالونی میں مزید 50 مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
