اسرائیلی فوج نے ماہ صیام کے تیسرے جمعتہ المبارک کے موقع پر فلسطینیوں کو مسجد اقصی پہنچنے سے روکنے کیلئے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں اور اس کے ارگرد تمام راستوں کو بند کرکے بڑی تعداد میں فوجیوں کو تعینات کر دیا گیا –
قبل ازیں ریڈیو اسرائیل نے اعلان کیا تھا کہ صرف 50 سال سے زائد عمر کے مرد اور 45 سال سے زائد عمر کی ان خواتین کو نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مسجد اقصی میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جن کے پاس داخلے کیلئے پاس ہوں گے- کلاندیا چیک پوائنٹ پر ہزاروں فلسطینی مقبوضہ بیت المقدس میں داخلے کے منتظر تھے مگر قابض صیہونی فوج نے محض چند مسلمانوں کو ہی اندر آنے کی اجازت دی اور جب دوپہر کے وقت گیٹ بند کرنے کا اعلان کیا گیا تو ہزاروں افراد اجازت کے منتظر تھے- رمضان المبارک میں تمام مسلمان عبادات کیلئے مسجد اقصی پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں مگر مغربی کنارے سے مقبوضہ بیت المقدس داخلے کیلئے محض ایک ہی راستہ ہے جو کلاندیا چیک پوائنٹ سے ہو کر گزرتا ہے- بہت سے لوگ تو مقبوضہ بیت المقدس میں داخلے کی امید پر صبح ہونے سے پہلے ہی اس چیک پوائنٹ پر جمع ہوگئے تھے- بھیڑ کے باعث متعدد شہریوں کا دم گھٹ گیا مگر اس موقع پر فلسطینی کارکنوں نے گرمی کی شدت کے باعث دم گھٹنے والے روزہ داروں کو امداد فراہم کی-