اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ تیز کر رکھا ہے۔ تازہ کارروائی میں صہیونی اہلکاروں کی بڑی تعداد نے جنین شہر کی مختلف کالونیوں پر حملہ کر دیا اور شہریوں کو زدوکوب کرنا شروع کر دیا، گھروں میں گھس کر بڑے پیمانے پر سامان کی توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ اسرائیلی اہلکار مختلف مقامات پر گھات لگا کر بیٹھ گئے اور آنے جانے والے مسافروں کو روک کر ان سے تفتش کرتے رہے۔
مقامی افراد نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے یامون ٹاؤن میں الکبیر مسجد کے اطراف کے علاقوں میں علی الصبح فجر کی نماز پڑھ کر آنے والے نمازیوں کو روک کر پوچھ تاچھ شروع کر دی، متعدد افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ خیال رہے کہ اس علاقے میں گزشتہ کچھ دنوں سے اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں، اطلاعات کے مطابق السیلہ الحارثیہ ٹاؤن میں بھی ایسی ہی ایک کارروائی کی اور مختلف کالونیوں میں مسافروں کو روک کر گھنٹوں تفتیش کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے حالیہ کچھ روز کے دوران اس علاقے پر متعدد حملے کیے ہیں۔ جنین کے متعدد ٹاؤنز میں اسرائیلی فوجی اہلکاروں کی موجودگی سے شہری شدید پریشان رہے۔
