قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم میں ایک کارروائی کے دوران ممتازعالم دین علامہ الشیخ قاضی مومن العتیلی کو حراست میں لے کر انہیں ایک ملٹری تفتیشی مرکز منتقل کر دیا ہے۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ 41 سالہ الشیخ قاضی مومن عفیف محمد رشید العتیلی شہر سے باہر تھے۔ جب وہ طولکرم میں اپنے گاؤں میں داخل ہوئے توصہیونی سیکیورٹی فورسز نے انہیں جاروشیہ کے مقام پر ایک چیک پوسٹ پر روک لیا۔ وہیں انہیں ہاتھوں میں ہتھکڑیاں اور پاؤں میں زنجیریں ڈال کر فوجی جیپ میں ڈالا گیا اور فوری طورپر کسی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں ایک ملٹری تفتیشی سینٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ شیخ العتیلی کوکئی مرتبہ اسرائیلی فوج اور فلسطینی سیکیورٹی ادارے حراست میں لےچکے ہیں۔ شیخ العتیلی طولکرم کی ضلعی عدالت میں ایڈووکیٹ کےفرائض بھی انجام دیتے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
