فلسطینی اتھارٹی کے ہاں تعینات ترک سفیر شاکر اوکازان نے مغربی کنارے کے شہر طوباس میں لگائے گئے فلسطینی اسیران کے یکجہتی کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسیران کے اہل خانہ سےبات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک فلسطینی قیدیوں کے مطالبات کی حمایت کرتا ہےاور یہ حمایت جاری رکھی جائے گی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کےمطابق ترک سفیر کے دورے کے موقع پر طوباس شہر میں فلسطینیوں کے احتجاجی دھرنے میں عوام کا ایک جم غفیر شریک تھا۔ یہ تمام لوگ اسرائیلی جیلوں میں زیرحراست بھوک ہڑتالی قیدیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جمع تھے۔
اس موقع پر صہیونی جیل میں قید مریض اسیر عبدالسلام بنی عودہ کی والدہ نے ترک سفیر سے مطالبہ کیا کہ انقرہ حکومت سے کہیں کہ وہ فلسطینی اسیران کی حمایت کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ اسیر کی والدہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم کے باعث ان کے پیارے جیلوں میں سسک سسک کر جانیں دے رہے ہیں، انہیں ادنیٰ درجے کے انسانی حقوق بھی میسر نہیں۔ ترکی سمیت تمام عرب اور اسلامی ممالک کو چاہیے کہ وہ فلسطینی اسیران کے حقوق کی فراہمی کے لیے قابض ریاست پر دباؤ ڈالے۔