اسرائیلی جیلوں میں بند ایک ماہ سے مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران میں سے بعض کی حالت سنگین خطرے سے دوچار ہوگئی ہے۔
انہی میں مغربی کنارے سے تعلق رکھنے والے معذور فلسطینی اسیر جمعہ ابو جبل بھی شامل ہیں۔ انہوں نے انتیس دن سے مسلسل بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے، جس کے باعث ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین میں انسانی حقوق کی ایک تنظیم "مرکز احرار” کے ڈائریکٹر فواد الخفش نے بتایا کہ جمعہ الجبل جو ایک ٹانگ سے معذور ہیں کے منہ اور مسوڑوں میں شدید تکلیف ہے جس کے نتیجے میں ان کے منہ سے مسلسل خون بہہ رہا ہے۔
حال ہی میں انسانی حقوق کے کچھ مندوبین نے ابو جبل سے جیل میں ملاقات بھی کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ ابو جبل کی کٹی ٹانگ میں بھی سخت تکلیف ہے لیکن سب سے زیادہ تشویشناک صورت حال ان کے منہ کی ہے اور ان کے تمام دانتوں میں سخت تکلیف ہے۔
انسانی حقوق کے مندوب نے عالمی برادری اور عالمی اداروں سے اپیل ہے کہ وہ فوری طور پر فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کے معاملے میں مداخلت کریں اور قیدیوں کی زندگیاں بچائیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جیلوں میں پچھلے انتیس روز سے فلسطینی قیدی اسرائیلی مظالم کے خلاف بھوک ہڑتال کر رہے ہیں، ایک ماہ پر مشتمل بھوک ہڑتال کے باعث بیشتر قیدیوں کی حالت خطرے میں دکھائی دیتی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
