مصر کے ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی نے فلسطینی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر عزیزدویک کو ٹیلیفون کرکے اسرائیلی جیل سے رہائی اور رمضان المبارک کی آمد پر مبارک باد دی ہے۔
ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کوبتایا کہ دونوں رہ نماؤں کے درمیان کچھ دیر ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فلسطینی اسپیکر ڈاکٹر دویک نے مصری صدر کا ٹیلیفون کرکے رابطہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک میں مصری قیادت مسئلہ فلسطین کی حمایت میں ایک نمونے کے طورپر پیش کی جائے گی۔
ڈاکٹر محمد مرسی نے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ڈاکٹر عزیز دویک کی صہیونی جیل سے رہائی پر خوشی ہے اور اس پرپوری فلسطینی قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ فلسطینی مجلس قانون ساز کے اسپیکر ڈاکٹر عزیز دویک کو صہیونی فوج نے جمعرات کو رہا کردیا تھا۔ انہیں ایک سال قبل انتظامی حراست میں لیا گیا تھا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
