مکہ المکرمہ کے علماء نے مسلمان حکمرانوں سے مسجد اقصی کی حفاظت کے لیے مضبوط موقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے- مکہ کے علماء کی طرف سے جاری بیان میں مسلمان ممالک سے مطالبہ کیا گیا
ہے کہ وہ کسی بھی ایسے مذاکرات میں شریک نہ ہوں جو بیت المقدس یا فلسطین کے کسی حصے سے دستبرداری اختیارکرنے کے لیے کئے جائیں – فلسطین کی زمین کی ایک بالشت سے بھی دستبرداری اختیار کرنا امت مسلمہ کے ساتھ غداری ہے – فلسطینی اراضی امت مسلمہ کا مشترکہ حق ہے – مکہ کے علماء کی طرف سے جاری بیان میں مسلمان حکمرانوں کو اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے سے متنبہ کیاگیاہے- 22 علماء کے دستخطوں سے جاری بیان کے مطابق مسلمان حکمرانوں کو اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے مغربی دبائو کو مسترد کردینا چاہیے- اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کا انجام بہت برا ہوگا- بیان میں بیت المقدس کو یہودیانے کی اسرائیلی سازشوں اور مسجد اقصی کی بے حرمتی کئے جانے کی مذمت کی گئی ہے- بیان کے مطابق اسرائیلی حکومت بیت المقدس کو یہودیانے کی سازش میں مصروف ہے- فلسطینی شہریوں کے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے- اسلامی آثار کو مٹایا جا رہا ہے- انتہاپسند صہیونی مسجد اقصی کا تقدس پامال کرتے ہوئے اس میں مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں- مسجد اقصی میں نمازیوں کو داخل نہیں ہونے دیا جاتا- ان تمام کارروائیوں کا مقصد بیت المقدس کو یہودی شہر بنانا ہے –