مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق انٹرنیشنل ورکر کنفیڈریشن کی جانب سے جمعرات کے روز جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ تنظیم نے اپنے ایک حالیہ اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے ساتھ اس کے تمام سرکاری تجارتی اداروں کو رکنیت دینے کی منظوری دی ہے۔ کنفیڈریشن کے فیصلے سے جنگ سے تباہ حال فلسطینی علاقے غزہ کی تعمیر نو میں بھی مدد ملے گی۔
قبل ازیں بین الاقوامی ٹریڈ کنفیڈریشن کے بیلجیم اور برسلز میں متعدد اجلاس منعقد ہوئے۔ ان اجلاسوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے اور فلسطین کی ٹریڈ یونینز کو عالمی سطح پر آزادانہ کام کا موقع دینے کی سفارش کی گئی۔
برسلز میں منعقدہ اجلاس میں فلسطینی مزدور یونین کے سیکرٹری جنرل شاھر سعد نےبھی شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ آئندہ سال کے اوائل میں مختلف ممالک کا دورہ کرکے وہاں کی مقامی ٹریڈ یونین کے ساتھ بھی روابط مضبوط بنانے کی مہم چلائیں گے۔ اس طرح عالمی ٹریڈ یونینز کے مندوبین اور وفود کو فلسطینی علاقوں غزہ اور مغربی کنارے کے دورے کرائے جائیں گے اور انہیں فلسطین بالخصوص بیت المقدس کی موجودہ صورت حال کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ بین الاقوامی ورکرز کنفیڈریشن میں 165 ملکوں کے 234 ادارے شامل ہیں جن کے رجسٹرڈ ممبران کی تعداد 185 ملین سے زیادہ ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
