انتہاء پسند قابض یہودی آباد کاروں نے مغربی کنارے کے شہر نابلس میں واقع مزار یوسف پر دھاوا بول دیا جس پر فلسطینیوں نے مشتعل ہو کر مزاحمت کی اور دونوں جانب سے باقاعدہ جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد یہودیوں کی حفاظت پر مامور تھی جس نے احتجاج کرنے والے فلسطینیوں کو آنسو گیس کے شیلوں کی بوچھاڑ کر دی۔ صہیونی اہلکاروں نے فلسطینی گھروں پر بھی اشک آور گیس کے شیل پھینکے جس سے اہل علاقہ شدید تکلیف میں مبتلا رہے۔
یہودی آباد کاروں کے اس دھاوے کے دوران اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نابلس شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کرتی رہی۔ رات گئے کی اس کارروائی کے بعد شروع ہونے والی جھڑپیں صبح تک جاری رہیں۔ فلسطینی لڑکوں اور نوجوانوں نے اسرائیلی فوج پر پتھراؤ کیا۔
خیال رہے کہ نابلس میں واقع یہ مزار جو بعض روایات کے مطابق بزرگ شخصیت کا ہے تاہم اس قبر میں مدفون بزرگ کے نام کی مناسبت سے اسرائیلی حکومت اسے جلیل القدر پیغمبر حضرت یوسف علیہ السلام سے منسوب کرتی ہے اور یہاں پر عبادت کے بہانے نابلس میں یہودیوں کے داخلے کی راہ ہموار کر رہی ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
