فلسطینی اتھارٹی کے صدرمحمود عباس کا کہنا ہے کہ آئندہ بننے والی فلسطین کی عبوری حکومت کی مدت تین ماہ ہو گی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ فلسطین کے اگلے صدارتی انتخابات میں حصہ نہیں لینگے۔
سیٹلائٹ چینل ”فیلڈز” سے گفتگو کرتے ہوئے مغربی کنارے میں تحریک فتح کی حکومت کے سربراہ نے کہا کہ مرکزی انتخابی کمیٹی اگلے ماہ سے اپنے کام کا آغاز کر دیگی۔ جیسے ہی کمیٹی انتخاب کی تیاریاں کرلے گی اسی وقت وہ انتخابی شیڈول کا اعلان کرنے کے قابل ہونگے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطینی عام انتخابات اور اگلی حکومت کے قیام کا شیڈول جاری کرنے کے لیے مکمل طور پر سنجیدہ ہیں۔
محمود عباس نے غزہ کی پٹی کے اپنے دورے کا وقت بتانے سے انکار کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد غزہ کی پٹی کا دورہ کرینگے۔ صدارتی انتخابات کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں ان کا صدارتی امیدوار بننے کا کوئی ارادہ نہیں، انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر پوری طرح قائل ہیں کہ اگلے انتخابات میں انہوں نے خود کو صدارتی امیدوار کے طور پر کھڑا نہیں کرنا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
