مجاہدین نے مغربی کنارے میں کارروائی کرکے ایک یہودی آباد کار زخمی کردیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کی شام کو رام اللہ کے قریب مجاہدین نے ایک گاڑی پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
واقعے کے بعد اسرائیلی فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے زخمی یہودی کو ہستپال منتقل کیا گیا۔ دوسری جانب عبرانی اخبار”ہارٹز” کی رپورٹ کے مطابق یہودیوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے واقعات کے بعد مغربی کنارے میں پرتشدد کارروائیوں اور مجاہدین کے حملوں میں تیزی آگئی ہے۔ مغربی کنارے میں فلسطینی صدر محمود عباس کے زیر کمانڈ سیکیورٹی فورسز کے اسرائیلی فوج کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کے باوجود یہودی آباد کاروں پر حملوں میں بتدریج شدت دکھائی دے رہی ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کئی یہودی آباد کار مختلف حملوں میں زخمی ہوچکے ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ اسرائیلی حکام مغربی کنارے میں بڑھتی ہوئی مزاحمتی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔