(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض ریاست میں صہیونی آبادکاروں نے نابلس کے جنوب میں واقع السوویہ گاؤں میں زیتون کے درجنوں درخت کاٹ ڈالے۔
ذرائع کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں السوویہ ولیج کونسل کے سربراہ مراد ابو راس کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق گزشتہ روز علی الصبح صہیونی شرپسند عناصر نےنابلس کے جنوب میں واقع السوویہ گاؤں میں قابض فوج کی موجودگی میں فلسطینی باشندوں کے خلاف نعرے بازی کی اور توڑ پھوڑ کی روایت جاری رکھتے ہوئے اراضی میں موجود درجنوں زیتون کے درخت کاٹ ڈالے ۔
ان کامزید کہنا تھا کہ 2016 کے بعد سے اب تک ان علاقوں میں صہیونی آباد کاروں کی جانب سے متعدد حملے کئے گئے ہیں جن میں فلسطینی اراضی کی کاشت اور پھل دار درختوں کو نشانہ بناتے ہوئے صہیونی آبادکار صہیونی فوج کی مکمل نگرانی میں مقامی باشندوں کی املاک کو نقصان پہنچاتے ہیں جس کا صہیونی ریاست کی نام نہاد حکومتیں کوئی نوٹس نہیں لیتیں۔