اریحا (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)اسرائیلی حکام کی جانب سے نام نہاد سیکیورٹی وجوہات کی آڑمیں فلسطینی شہریوں کے بیرون ملک سفرعاید ناروا پابندیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ گذشتہ ہفتے کے دوران صہیونی حکام نے25 فلسطینیوں کو بیرون ملک سفر سے روک دیا۔ تمام فلسطینیوں کو غرب اردن کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ ’الکرامہ‘ پر روکا گیا۔روزنامہ قدس کے مطابق فلسطینی پولیس کا کہنا ہے کہ کاغذات اور سفری دستاویزات مکمل ہونے کے باوجود اسرائیلی حکام نے ’الکرامہ‘ گذرگاہ سے اردن داخل ہونے والے متعدد فلسطینیوں کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔ ان میں سے بعض شہریوں کو یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ انہیں سفر سے کیوں روکا گیا ہے۔گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ’الکرامہ‘ گذرگاہ سے 43 ہزار فلسطینیوں کو دو طرفہ آمد ورفت کے لیے گذرنے کی اجازت دی گئی۔ ان میں 24 ہزار 54 کو بیرون ملک جانے دیا گیا جب کہ 19 ہزار 86 فلسطینی بیرون ملک سے وطن واپس لوٹے اس دوران صہیونی فوجیوں نے متعدد مشتبہ فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔فلسطینی شہریوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ صہیونی حکام کی جانب سے شہریوں کے بیرون ملک سفر پرعاید پابندیاں انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہیں اور اسرائیلی انتظامیہ فلسطینیوں کو بلیک میل کرنے اور انہیں خوف زدہ کرنے کے لیے ان پرسفری قدغنیں عاید کررہی ہے۔