ستاون اسلامی ممالک کی تنظیم اسلامی تعاون کونسل (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل اکمل الدین احسان اوگلو نے اقوام متحدہ میں فلسطین کی غیر مستقل رکنیت ملنے کے فیصلے کو تاریخی قرار دیا ہے۔ انہوںنے فلسطین اور اسرائیل کے امن کو خطے کے امن سے مشروط قرار دینے کے عالمی موقف کو بھی سراہا ہے۔
اکمل الدین احسان اوگلو نے اس موقع پر فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس اور فلسطینی قوم کو خصوصی مبارک باد دی، انہوں نے کہا کہ فلسطین کو ملنے والی یہ سیاسی کامیابی انتہائی اہم ہے جس سے اب کسی صورت رجوع نہیں کیا جائیگا۔
انہوں نے دنیا بھر کے ممالک کی فلسطینیوں کے حق میں ووٹ پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم سے نجات دلوانے اور ایسی فلسطینی ریاست ، جس کا دارالخلافہ مشرقی القدس ہو، کے قیام کی کوششوں میں حصہ لیتی رہے گی ۔
اس موقع پر مصر کی حکومت نے بھی فلسطینی صدر کو مبارک باد پیش کی ، مصری وزیر خارجہ محمد عمرو نے اقوام متحدہ کے حالیہ فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ جمعرات کے روز فلسطین کے حق میں بڑی تعداد میں ووٹوں سے معلوم ہو گیا کہ دنیا مسئلہ فلسطین کے حل اور فلسطینی ریاست سے اسرائیلی قبضے کو ختم کروانے کے لیے کس قدر تشویش میں مبتلا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دنیا بھر کے ممالک مقبوضہ مشرقی القدس کے دارالحکومت پر مبنی فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں ہیں۔
مصری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مصر مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے تمام ممکنہ کوششوں اور فلسطینی قوم کی مدد و نصرت کے لیے تیار ہے۔
اس موقع پر مصر کی حکمران جماعت اخوان المسلمون نے بھی اپنے ایک بیان میں فلسطینی قوم کو اس بڑی سیاسی کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور زور دیا کہ اقوام متحدہ کو فلسطینی مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہونگے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
