مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین کی مختلف سیاسی جماعتوں اور انسانی حقوق کی انجمنوں نے رام اللہ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ شہروں میں یہودی توسیع پسندی کی روک تھام کے لیے معاملہ عالمی فوج داری عدالت میں اٹھانے میں تیزی کا مظاہرہ کرے۔
فلسطینی سیاسی جماعت "جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین” کے سیاسی شعبے کے رکن اور ممبر پارلیمنٹ قیس عبدالکریم نے رام اللہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اسرائیل کی توسیع پسندی کے ظالمانہ اقدامات کو عالمی عدالت انصاف میں اٹھانے میں تساہل کا مظاہرہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی شہروں میں یہودی آباد کاری اور فلسطینیوں کی املاک پر قبضہ صریح ظلم ہے اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ صہیونی توسیع پسندی کو جنگی جرم قرار دلوانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے۔
قیس عبدالکریم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے اور بیت المقدس میں مزید کئی سو مکانات کی تعمیر کا اعلان فلسطینی اراضی پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ فلسطینی اتھارٹی صہیونی ریاست کے مسلسل ڈاکے بند کرانے کے لیے عالمی فوج داری عدالت سے رجوع کرے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین