رپورٹ کے مطابق قاہرہ میں عرب لیگ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن اور فلسطین کے دوسرے علاقوں میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کی اراضی پرقبضے کی تازہ سازشیں ناقابل قبول ہیں ہیں ان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کو فلسطینیوں کی اراضی پرقبضے کا نوٹس لیتے ہوئے غیرقانونی آباد کاری کا سلسلہ بند کرانا چاہیے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیردفاع موشے یعلون نے بحر مردار کے قریب اور مشرقی بیت المقدس سے متصل شہر اریحا میں فلسطینیوں کی 2342 دونم اراضی پرقبضے کی منظوری دیتے ہوئے فوج کو اس اراضی کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال میں لانے کی اجازت دے دی تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی اراضی پرغاصبانہ قبضے اس بات کا مظہر ہیں کہ صہیونی ریاست کی نیت میں فلسطینیوں کو ان کے حقوق دلانے کے معاملے میں فتور موجود ہے اور وہ ایک سازش کے تحت غرب اردن کو شمالی اور جنوبی حصوں میں تقسیم کرنا چاہتا ہے۔