فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں بدھ کی شام ایک فلسطینی نوجوان کے چاقو سے کیے گئے وار سے یہودی فوجی زخمی ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق الخلیل شہر میں ایک فلسطینی نوجوان کے چاقو سے حملے میں فوجی اہلکار کے جسم کے بالائی حصے پرگہرے زخم آئے ہیں۔ زخمی فوجی کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجی پر چاقو سے وار الخلیل کے جنوب میں الفوار پناہ گزین کیمپ میں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجی پرحملہ آور فلسطینی کو قابض فوجیوں نے گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگیا۔
ادھر فلسطینی وزارت صحت نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ صہیونی فوجی پر چاقو سے حملہ کرنے والے ایک فلسطینی 20 سالہ محمد اسماعیل الشوبکی کو گولیاں مار کر شہید کردیا گیا ہے۔
شہید فلسطینی نوجوان کے اہل خانہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان سےرابطہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے بیٹے نے اسرائیلی فوجی پر چاقو سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں فوجی اہلکار زخمی ہوا ہے۔ فوجیوں نے جوابی کارروائی کرکے فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا ہے۔
الفوار کیمپ میں فلسطینی نوجوان کی شہادت اور اسرائیلی فوجی پر چاقو سے حملے کے واقعے کے بعد اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا۔