مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کےمطابق الخلیل شہر میں منگل کے روز صہیونی فوجیوں نے حارہ ابو سنینہ، راس الجورہ اور ابو کتیلہ کالونی میں اچانک بکتر بند گاڑیوں سے چھاپے مارنا شروع کردیے اور گھر گھرتلاشی شروع کی۔ شہری صہیونی فوج کی بکتر بند گاڑیاں اور بھاری آرمرڈ گاڑیاں دیکھ کر خوف زدہ ہوگئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج کی بکتر بند گاڑیاں دن بھر الخلیل شہر کی سڑکوں پر گشت کرتی رہیں۔ تاہم کسی شخص کی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
راس الجورہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں اور یہودی فوجیوں کے مابین جھڑپ بھی ہوئی۔ یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب قابض فوجیوں نے کئی شہریوں کی شناخت پریڈ کے لیے انہیں کئی گھنٹے تک برف میں کھڑا کردیا۔ اس پر شہریوں میں سخت اشتعال پھیلا اور انہوں نے اسرائیلی فوج اور صہیونی ریاست کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
