فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور طلباء تنظیموں کا اجلاس،مشترکہ اعلامیہکراچی( )فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھیں گے،۱۵ مئی یوم نکبہ کے موقع پر ملک بھر کے تعلیمی ادارو ں میں پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔
اقوا م متحدہ کی مسئلہ فلسطین پر بیحسی سوالیہ نشان ہے ،شدید مذمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی ورکنگ کمیٹی اور طلباء تنظیموں بشمول پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان (پی ایس ایف)،مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن نواز(ایم ایس ایف نواز)،اسلامی جمعیت طلبہ (آئی جے ٹی)،انجمن طلبہ اسلام (اے ٹی آئی)،پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن (پختون ایس ایف)،انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف)اور پاکستان میں قائم فلسطینی طلباء کی تنظیم جنرل یونین فلسطینی طلباء (جی یو پی ایس) کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل شیخ (صدر پی ایس ایف)،خلیل ستی(رہنما ایم ایس ایف)،حافظ بلال (رکن شوریٰ جمعیت)،عبد الباسط(ناظم اے ٹی آئی)،بختاور شاہ (رہنما پختون ایس ایف)،عالمگیر خان (صدر آئی ایس ایف سندھ )،ارسلان گمن (صدر آئی ایس ایف کراچی ) اور فلسطینی طلباء کی تنظیم کے صدر محمد فدل اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی اور دیگر رہنماؤں نے کیا۔فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور طلباء تنظیموں کا اجلاس پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان کے مرکزی آفس پیپلز سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور طلباء تنظیموں کے رہنماؤں کاکہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کو آج ۶۴ برس گذرنے کو ہیں لیکن افسوس ناک بات ہے کہ عرب اورمسلم
حکمرانوں نے ابھی تک وہ کردار ادا نہیں کیا جو ان کو کرنا چاہئیے تھا ،رہنماؤں کاکہنا تھا کہ اب وہ وقت نہیں ہے کہ دنیا کے بیدار اور با شعور طلباء حکمرانوں کی طرف نظریں جمائیں گے بلکہ اب وقت آ چکا ہے کہ تاریخ کا دھارا ایک مرتبہ پھر طلباء کو ہی بدلنا ہو گا او ر فلسطین کی آزادی کی جد وجہد کے لئے پاکستان کے طلبہ ہر اول دستہ کا کردار ادا کریں گے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور طلباء تنظیموں کے رہنماؤں کاکہنا تھا کہ ۱۵ مئی سنہ ۱۹۴۸ سے لے کر آج تک عالمی استعمار امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل نے فلسطین کے مظلوم عوام کے خون سے ہولی کھیلی ہے لیکن آج ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ اب یہ کھیل مزید نہیں ہونے دیں گے ،ان کا کہنا تھا کہ ۱۵ مئی یوم نکبہ کے عنوان سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں تحریک چلائیں گے اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسئلہ فلسطین پر اپنے مؤقف کو مضبوط رکھے اور اقوام متحدہ میں فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھی جائے۔اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور طلباء رہنماؤں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی جبکہ اس شہداء گیلری کا دورہ بھی کیا۔

