ایک فلسطینی نوجوان نے بیت القدس کے شیخ جراح علاقے میں صیہونیت مخالف کارروائی انجام دی ہے جس میں ایک صیہونی زخمی ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق بتایا گیا ہے کہ صیہونیت مخالف کارروائی انجام دینے کے بعد فلسیطنی نوجوان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اس درمیان قدس تحقیقاتی مرکز کے سربراہ علی الریماوی نے انتفاضہ قدس کے آغاز سے اب تک سو سے زیادہ صیہونیت مخالف کارروائیاں انجام دیئے جانے کی خبر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق علی الریماوی نے منگل کے روز ایک رپورٹ میں بتایا کہ فلسطینیوں نے یکم اکتوبر کو شروع ہونے والی انتفاضہ قدس کے دوران مقبوضہ فلسطین کے علاقوں میں ایک سو پچھتر صیہونیت مخالف کارروائیاں انجام دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں میں، جیسا کہ صیہونی حکومت نے اعتراف کیا ہے، بیس صیہونی ہلاک اور تین سو زخمی ہوئے ہیں۔ علی الریماوی نے کہا کہ انتفاضہ قدس کے دوران صیہونیت مخالف کارروائیوں میں جو وسعت پیدا ہوئی ہے فلسطینی عوام کی مزاحمت میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ الخلیل اور بیت المقدس میں بالترتیب سب سے زیادہ صیہونیت مخالف کارروائیاں ہوئی ہیں۔