مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) امریکی فوج نے ایک فوجی مشق میں شرکت کے بہانے پہلی بار مقبوضہ فلسطینی علاقے میں تھاڈ میزائل سسٹم منتقل کیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی علاقائی سلامتی کے تحفظ کے اپنے وعدے کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے اسرائیل کے زیرقبضہ علاقے میں تھاڈ میزائل نصب کرنے والی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان جناتھن کنری کس نے بھی کہا ہے کہ تھاڈ میزائل کی تعیناتی، امریکا کے ساتھ گذشتہ فوجی مشقوں سے مختلف ہو گی اور اس بار کی مشقوں میں ٹیکٹیک ہم آہنگی کا موضوع بھی شامل ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ تھاڈ میزائل کے تمام وسائل اور اجزا نقب میں اسرائیلی ایئربیس پہنچ گئے ہیں اور وہاں سے جنوب کے دیگر علاقوں میں منتقل کئے جائیں گے۔
اسرائیلی حکومت کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی امریکا کے اس اقدام کو اسرائیل کے لئے واشنگٹن کے وعدے کی پاسداری کی علامت بتایا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی حکومت کے مظالم سے چشم پوشی کرتے ہوئے اسرائیل کی وسیع حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔