اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتالی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مقبوضہ فلسطین کے سنہ 1948ء کےعلاقوں میں قائم اسرائیلی جیل”الرملہ” کے باہر سیکڑوں فلسطینی شہریوں نے احتجاجی کیمپ میں نماز جمعہ ادا کیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق الرملہ جیل کے باہر گذشتہ کئی روز سے فلسطینیوں نے احتجاجی کیمپ لگا رکھا ہے۔ وہ جیل میں موجود بھوک ہڑتالی اسیران کے ساتھ یکجہتی کے لیے دھرنا دیے ہوئے ہیں۔
گذشتہ روز جمعہ کی نماز کے لیے کیمپ کوختم نہیں کیا گیا بلکہ وہیں پر نماز جمعہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر بیت المقدس کے اسیران کی رہائی کے لیے سرگرم کمیٹی کے ارکان، یوسف الصدیق فاؤنڈیشن، کلب برائے اسیران اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں کے مندوبین بھی شریک تھے۔ نماز جمعہ کے بعد فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور بیماروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ احتجاجی کیمپ میں ہونے والی نماز جمعہ میں قیدیوں کے عزیز و اقارب اور عام شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔
نماز جمعہ سابق فلسطینی اسیر اور عالم دین اشرف حسن نے پڑھائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مسلم امہ پر فلسطینی قیدیوں کے حوالے سے عائد ہونے والی ذمہ داریوں کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اسیران تمام تر صہیونی مظالم کے باوجود اپنے جائز حقوق اور مطالبات کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فلسطینی قوم بھی اپنے بہادر اور جانثار قیدیوں کے شانہ بشانہ لڑ رہی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
