فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہرالخلیل میں اسرائیلی فوج کے فلسطینی مظاہرین پر حملے میں دسیوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کے روز فلسطینی شہری یہودی غنڈہ گردی اور یہودی آباد کاری کے خلاف الخلیل شہر کے جنوب میں یطاء کے مقام پر ایک جلوس نکالے ہوئے تھے کہ اچانک انہیں اسرائیلی فوج کے مسلح دستوں نے گھیرے میں لے لیا۔ قابض فوج نے نہتے مظاہرین پر چاروں طرف سے اشک آور گیس کی شیلنگ اور گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ جنوبی الخلیل میں طارق بن زیاد چوک کے قریب پیش آیا۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے حملے کے جواب میں مظاہرین نے بھی سنبھلنے کے بعد قابض فوج پر سنگ باری کی۔ اسرائیلی فوج کی آنسو گیس کی شیلنگ کے بعد مظاہرین طارق بن زیاد اسکول میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔ ان میں کئی افراد دم گھٹنے کے باعث بے ہوش ہوگئے تھے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ فلسطینیوں کے مظاہرے سے قبل سیکڑوں یہودی آباد کاروں نے جنوبی یطا میں فلسطینیوں کے گھروں پر دھاوا بولا اور راہ چلتے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ یہ یہودی عیدالفصح کے موقع پر فلسطینیوں کے خلاف غنڈہ گردی کررہے تھے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
