(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی وزیراعظم نے کہا ہے کہ "ان کی توجہ صرف فلسطینی مزاحمتی جماعت اسلامی جہاد پر ہے جو اسرائیل کی سلامتی کےلئے بڑاخطرہ ہے، ہم ضرورت کے مطابق اقدامات جاری رکھیں گے۔”
غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کے ٹی وی چینل "چینل 12” نے سکیورٹی میٹنگ کے دوران وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے حوالے سے اطلاع دی کہ "ان کی توجہ صرف اسلامی جہاد تحریک پر ہے اور ہم ضرورت کے مطابق اقدامات جاری رکھیں گے۔
” نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کو دھمکیاں دینے والے کسی بھی گروپ کے لیے کوئی جائے پناہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے اسلامی جہاد اور حماس کی طرف سے اسرائیل کو کل منگل کےروز غزہ میں کی گئی کارروائی کے بعد دھمکیوں کا جواب دیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ ان کا ملک طاقت سے نمٹے گا اور اس کا لمبا بازو ہماری مرضی کے مطابق کسی بھی جگہ اور وقت پر ہر دہشت گرد تک پہنچ جائے گا۔ اسرائیل کے وزیر توانائی یسرائیل کاٹز نے زور دے کر کہا کہ "اگر حماس تشدد میں شامل ہوتی ہے، تو اس کی قیادت پہلا ہدف ہو گی اور ہم ان لوگوں کو نقصان پہنچانے کے لیے کام کریں گے جو ہمیں نقصان پہنچاتے ہیں۔ حماس کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔ یحیی السنوار اور محمد الضیف پہلا ہدف ہوں گے۔”
واضح رہے کہ صہیونی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مزاحمتی تحریک اسلامی جہاد صہیونی ریاست کے لئے ایک ڈرا ؤنا خواب بن گئی ہے جو پورے اسرائیل میں کہیں بھی حملے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔