مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کے عبرانی اخبار ’’ہارٹز‘‘ نے انکشاف کیا ہے کہ وسطی فلسطین میں قائم یافا شہر کے ایک تاریخی قبرستان میں صیہونی آباد کاروں کے لیے ایک کالونی کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ کالونی تل ابیب بلدیہ کی جانب سے تعمیر کی جائے گی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی بلدیہ یہودی تارکین وطن کے لیے ایک حفاظتی مرکز قائم کرنا چاہتی ہے اور اس کے لیے خلافت عثمانیہ کے دور سے چلے آرہے مسلمانوں کے قبرستان کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یافا کی اسلامی کمیٹی نےاسرائیلی سپریم کورٹ میں صیہونی آباد کاری کے مذموم منصوبے پر عمل درآمد روکنے کی درخواست دی ہے۔ اسرائیلی بلدیہ نےعدالت میں درخواست ہونے کے باوجود ایک ہفتہ قبل قبرستان میں کھدائی بھی کی ہے۔
اسرائیلی حکام یہاں پر ایک کثیر منزلہ عمارت کی تعمیر کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس میں صیہونی آباد کاروں کی رہائش کے ساتھ ساتھ تجارتی اور کمرشل بنیادوں پر بھی املاک الاٹ کی جائیں گی۔