غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے ترکی کی حکمراں جماعت انصاف وترقی ’’آق‘‘ پارٹی کی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں ’’آق‘‘ کی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر جماعت کو مبارک باد پیش کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اکتیس مارچ کو ترکی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ’’آق‘‘ پارٹی کو استنبول کی میئر شپ حاصل ہوئی ہے تاہم انقرہ کی میئر شپ ترکی کی اپوزیشن جماعتوں نے جیت لی ہے۔
حماس نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پرترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن اور ان کی حکومت کو بھی مبارک باد پیش کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جماعت کی طرف سے ترک قوم کو ایک نیا جمہوری تجربہ کرنے اور اس میں جمہوری قوتوں کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔
ادھر فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی ترک صدر رجب طیب ایردوآن کو بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔
خیال رہے کہ اکتیس مارچ کو ترکی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں آق پارٹی مجموعی طورپر 51 اعشاریہ 74 فی صد جب کہ اپوزیشن کی جماعت ’’امۃ‘‘ پارٹی 37 اعشاریہ 64 فی صد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر ترکی کی 778 بلدیاتی کونسلوں میں انتخابات ہوئے۔ ان میں آق پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔