فورم برائے فلسطینی جرنلسٹس نے جمعرات کے روز اسرائیلی صحافیوں کے ایک گروہ کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
فورم نے جمعہ کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ اسرائیل کے ٹی وی چینلز 1،2 اور 10، اخبارات معاریف اور اسرائیل ٹوڈے اور عبرانی نیوز ویب سائٹ والا میں کام کرنے والے انتہاپسند یہودی صحافیوں نے پولیس کی حفاظت میں مسجد اقصیٰ کے صحن کی بے حرمتی کی ہے۔
مسجد اقصیٰ میں صحافیوں کے اس "حملے” کے دوران ان کے ساتھ ایک اسرائیلی ماہر آثار قدیمہ بھی موجود تھا۔
معاریف اخبار نے اپنی ویب سائٹ پر اس دورے کے بارے میں "مذہبی صحافی مسجد اقصیٰ پر قابض” کے عنوان سے ایک نیوز رپورٹ بھی جاری کی ہے۔
فورم نے کہا کہ اس طرح کا دورہ مسجد اقصیٰ کو صیہونیت میں رنگنے اور اس پر قبضہ جمانے سے پہلے اس کو مسلمانوں اور یہودیوں کے درمیان تقسیم کرنے کے اسرائیلی منصوبوں کا حصہ ہے۔
فورم نے مزید کہا ہے کہ اس واقعہ سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اسرائیلی میڈیا اور اس کے ورکر اسرائیلی فوج کی ریزرو فوج کا حصہ ہیں جو کہ فلسطینی عوام اور ان کے مقدس مقامات کے خلاف اسرائیلی فوج کا ایجنڈے پر عمل درآمد کررہے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
