(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض اسرائیلی فوجیوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں ’’یعبد‘‘ قصبے میں ایک فلسطینی شہری کے مکان پرقبضہ کرنے کے بعد گھر میں موجود فلسطینیوں کووہاں سے نکال ہاہر کرتے ہوئے گھر کا سامان باہرپھینک دیا۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز علی الصباح صہیونی فوج کے دسیوں اہلکاروں نے مقامی فلسطینی شہری یحییٰ ابو شمالہ کے گھر کا محاصرہ کیا اور مکان کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کرنے کے بعد گھر میں موجود تمام افراد کو باہر نکال دیا گیا۔ابو شمالہ نے میڈیا کو بتایا کہ صہیونی فورسزنے یعبد قصبے کے بالمقال شاہراہ پرواقع اس کے مکان کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا۔ گھرمیں موجود قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی گئی بعد ازاں سامان اٹھا کر باہر پھینک دیا گیا۔
درایں اثناء یعبد قصبے کے فلسطینی میئریوسف عطاطرہ نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے یعبد قصبے میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پرحملوں میں اضافہ کردیا ہے۔ آئے روز فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارکرانہیں ہراساں کیا جاتا ہے۔ گھروں میں موجود سامان کی توڑپھوڑ اور قیمتی اشیاء کی لوٹ مار روز کا معمول بن چکا ہے۔