فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہرنابلس میں فلسطینی شہریوں اور قابض صہیونی فورسز کے درمیان پرتشدد جھڑپوں میں متعدد شہری زخمی ہوگئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی شہریوں اور قابض فورسز کے درمیان تصادم اس وقت ہوا جب صہیونی فوجیوں نے جنوبی نابلس میں قصرہ کے مقام پر فلسطینی احتجاجی مظاہرے کو منتشر کرنے کے لیے ان پرلاٹھی چارج کیا اور اشک آور گیس کی شیلنگ کی۔
مقامی سماجی کارکن عبدالعظیم وادی نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ پہلے فلسطینی شہریوں اور یہودی آباد کاروں کے درمیان تصادم ہوا۔”ایش کودش” یہودی کالونی سے تعلق رکھنے والے یہودیوں کے ایک ڈنڈہ بردار گروپ نے فلسطینی شہریوں کی املاک کی توڑپھوڑ کی تو فلسطینی شہری سڑکوں پرنکل آئے۔ فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر سنگ باری بھی کی گئی۔ بعد ازاں اسرائیلی فوجی اور بارڈر پولیس کے اہلکار یہودی شرپسندوں کے دفاع میں آپہنچے اور انہوں نے بھی فلسطینی شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ فلسطینی مظاہرین نے صہیونی فوجیوں پر بھی سنگ باری کی۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں ںے قصرہ کے مقام پر ایک فلسطینی چرواہے اور اس کی بکریوں پر حملہ کیا جس پر مقامی شہری اکھٹے ہوگئے اور انہوں نے حملہ آور یہودیوں کو مار بھگانے کی کوشش کی۔ یہود آباد کار فلسطینی شہری سے اس کی کچھ بکریاں چھین کرلے گئے۔
سماجی کارکن عبدالعظیم نے بتایا کہ یہودی شرپسندوں کی کارروائی کے بعد مساجد سے اعلانات کیے گئے جس کے بعد فلسطینی شہریوں نے یہودی آباد کاروں کو وہاں سے ہٹانے کے لیے ان پر سنگ باری کی۔
عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کئی افراد دم گھٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔
