(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) طلال ابو ظریفہ نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سیاسی بحرانوں سے نکالنے اور قومی حکومت کے قیام کیلئے انتخابات میں اتفاق رائے بہت اہم پیشرفت ہے۔
فلسطینی ڈیموکریٹک فرنٹ کے رکن اور فلسطینی ثالثی کانسل کے ممبر طلال ابو ظریفہ نے اپنے ایک بیان میں فلسطینی الیکشن کمیشن کے غزہ کے دورہ اور سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتوں پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ تمام دھڑوں کا قومی حکومت کی تشکیل کیلئے اتفاق رائے بہت اہم پیشرفت ہے تاہم فلسطین میں انتخابات کو کامیاب بنانے کے طریقہ کار پرسنجیدگی سے غور کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا فلسطینی نظام ، جمہوریت کے فروغ اور اپنا تشخص برقراررکھنے کیلئے ہم سب کو ایک ہونا پڑے گا جبکہ صدر محمود عباس کی ذمہ داری ہے کہ وہ دیگر تمام سیاسی دھڑوں کو انتخابات کے قانون، طریقہ کار اور انعقاد کے حوالے سے اعتماد میں لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کا موجودہ سیاسی نظام اندرونی طور پر خلفشار کا شکار ہے اور فلسطینی سیاسی دھڑے الگ الگ سمتوں میں جا رہےہیں۔ فلسطین کی صورت حال کو علاقائی اور عالمی سطح پرہونے والی پیش رفتوں سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔