فلسطینی جماعتوں اسلامی تحریک مزاحمت”حماس” اور الفتح کے درمیان گذشتہ ہفتے طے پانے والے مفاہمتی معاہدے پر عالم اسلام اور عرب ممالک کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا ہے اور فلسطینی رہ نماؤں کو مختلف ممالک کی طرف سے مبارک کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیھ برے نے اپنے ایک فیکس پیغام میں غزہ میں حماس کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ لبنان ہر مشکل میں فلسطینیوں کی مدد جاری رکھے گا۔اسماعیل ھنیہ نے لبنانی سیاست دان کی جانب سے مفاہمتی معاہدے کو سراہنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ بدھ کو غزہ کی پٹی میں حماس اور الفتح کی قیادت کے درمیان طے پائے مفاہمتی معاہدے کے بعد کئی مسلمان اور عرب رہ نماؤں کی طرف سے اسماعیل ھنیہ کو تہنیتی پیغامات موصول ہو چکے ہیں۔
