(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جالیا کے مقام پر گھر کے قریب کھلونا بم سے کھیلتے ہوئے زور دار دھماکے کے نتیجے میں ایک پانچ سالہ بچہ شہید اور اس کا چھہ سالہ بھائی شدید زخمی ہوگیا۔
غزہ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ شمالی غزہ میں جمعرات کی شام جبالیا پناہ گزین کیمپ میں کھیلتے ہوئے ایک پانچ سالہ بچہ صہیب ابراہیم صقر شہید جب کہ اس کا بھائی چھ سالہ مصعب شدید زخمی ہوا ہے۔مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ بچوں کو کھلونا بم اسرائیلی بمباری سے متاثرہ ایک کھنڈر عمارت سے ملا تھا جسے انہوں نے کھلونا سمجھ کر کھیلنا شروع کیا تاہم کچھ ہی دیر بعد وہ بم دھماکے سے پھٹ گیا۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں سنہ 2014 ء کے دوران دو ماہ تک جاری رہنے والی اسرائیلی جارحیت میں اسرائیلی فوج نے وحشیانہ بمباری کی تھی۔ بمباری کے نتیجے میں ہزاروں بم ناکارہ ہوگئے تھے۔ اس کے علاوہ سیکڑوں کھلونا بم بھی گرائے گئے تھے۔ اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کا کہنا ہے کہ غزہ میں بمباری سے کھنڈر بننے والی سیکڑوں عمارتوں اور ان کے ملبے میں اب بھی بڑی تعداد میں ناکارہ بم موجود ہیں جو فلسطینیوں کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔