بائیس عرب ممالک کی نمائندہ تنظیم ’’عرب لیگ‘‘ نے اقوام متحدہ اور مشرقی وسطی کے مسائل کے حل کے لیے قائم چار رکنی ثالثی کونسل ’’گروپ چار‘‘ سے پانچ سال پر محیط غزہ کے اسرائیلی محاصرے کو فی الفور ختم کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
عرب لیگ نے گھیرے میں لیے گئے ساڑھے چھ لاکھ افراد پر 23 روز تک اسرائیلی بارود کی برسات کو تین سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ایک بیان جاری کیا۔ اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے لیگ نے عالمی برادری سے مظالم کی تاریخ رقم کرنے والے اسرائیل کے محاسبے کا مطالبہ کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ صہیونی فوج نے غزہ پر تین سال قبل غزہ پر مسلط کیے گئے اپنے آپریشن کاسٹ لیڈ میں 1417 بےگناہ فلسطینیوں کا خون بہایا اور چار ہزار افراد کو زخمی کر دیا تھا۔
عرب ممالک کی تنظیم نے واضح کیا کہ اسرائیل اب تک تمام عالمی معاہدوں اور بین الاقوامی قوانین کے برعکس غزہ کی پٹی کا نہ صرف محاصرہ کیے ہوئے ہے بلکہ غزہ پر صہیونی فضائی بمباریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
عرب ممالک کا کہنا ہے کہ غزہ کی خوفناک جنگ کو تین سالگزر گئے ہیں اور اس پر ندامت کے بجائے اسرائیل میں اس بار غزہ پر مزید وسیع حملے کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ صہیونی ریاست دہشت گردی پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی اس کو مزید حملوں کی اجازت دینے کے مترادف ہے۔