اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ کے شمالی علاقے میں قائم فلسطینی بحری پولیس کے ہیڈ کوارٹر پر خوفناک بمباری کر کے ایک فلسطینی شہید جبکہ چار کو زخمی کر دیا ہے۔ فلسطینی میڈیکل ذرائع نے بتایا کہ پیر کی علی الصبح ’’ایفسولہ‘‘ طرز کے طیاروں کی بمباری میں شہید اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق غزہ کے شمالی مغربی علاقے بیت لاھیا کے مغرب میں واقع بحری پولیس کے ہیڈ کوارٹر پر پے در پے متعدد میزائل داغے گئے جس سے ہیڈ کوارٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔
فلسطینی ذرائع نے خبررساں ادارے ’’قدس پریس‘‘ کو بتایا کہ اس بمباری میں محمد زاھر الکیلانی نامی ایک نوجوان شہید ہوا ہے۔ یہ نوجوان فلسطینی بحری پولیس کا ایک اہلکار تھا۔ بمباری کی زد میں آ کر بری طرح متاثر ہونے والے اس کے جسد خاکی کو فوری طور پر کمال عدوان ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مقامی افراد کے مطابق سول ڈیفنس کا عملہ تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے تلے سے مزید افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔ اب تک چار زخمی افراد کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ فلسطینی بحری پولیس کے ہیڈ کوارٹر کو اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ بمباری کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
پولیس ہیڈ کوارٹر کی عمارت جنوری 2009ء کے اسرائیلی حملے میں بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی، حالیہ عمارت کو اسی حملے کے بعد تعمیر کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر حملوں میں ایک بار پھر تیزی آ گئی ہے۔ اسرائیلی فوج کے حملوں میں گزشتہ ماہ تیرہ فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔ تاہم اس ماہ کے پہلے نصف میں اب تک پندرہ بے گناہ فلسطینیوں شہید کر دیے گئے ہیں۔