فلسطینی وزارت داخلہ اور قومی سلامتی کمیٹی نے حراست میں لیے گئے کئی خطرناک صہیونی ایجنٹوں کے اعترافات جرم کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔
بیس منٹ کی اس ویڈیو فوٹیج میں تمام ملزمان نے فلسطینی قائدین بالخصوص اسلامی تحریک مزاحمت کی قیادت کو شہید کرانے میں صہیونی فوج کے لیے جاسوسی کرنے اور ملک کے امن وسلامتی کو تباہ کرنے کے اعترافات کیے ہیں۔ اعترافات جرم کرنے والے کئی صہیونی ایجنٹوں میں بعض قدیم ہیں جو سنہ ساٹھ اور سنہ 80 کی دھائیوں سے فلسطین کے مفادات کےخلاف سازشیں کرتے آ رہے ہیں۔ بعض ملزمان مختلف مزاحمتی تنظیموں کی صفوں میں بھی رہ چکے ہیں، جہاں سے وہ دشمن کو مزاحمت کاروں کی مصروفیات اور نقل و حرکت کے بارے میں آگاہ کرتے رہے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جرم کے اعتراف کرنے والوں میں وہ ملزمان بھی شامل ہیں جو فلسطینیوں کے روحانی رہ نما شیخ احمد یاسین کےجانیشین ڈاکٹر عبدالعزیز رنتیسی،ابراہیم المقادمہ، اسماعیل ابو شنب اور وزیرداخلہ سعید صیام کی شہادت میں بالواسطہ طور پر ملوث ہیں۔ تنظیم کے ان قائدین کی شہادت فلسطینیوں کی صفوں میں گھسی ان کالی بھیڑوں اور دشمن کے آلہ کاروں کی کارستانیوں کے باعث ممکن بنائی گئی۔
ویڈیو فوٹیج میں ملزمان نے بتایا ہے کہ وہ کس طرح صہیونی خفیہ اداروں کی جال میں پھنستے،دشمن سے اپنے عوام کو شہید کرانے کے عوض رقوم بٹورتے اور دشمن کے ساتھ تعاون کرتے تھے۔ صہیونی خفیہ اداروں کے لیے جاسوسی کرنے والے ان ملزمان نے غزہ کی پٹی کے آس پاس تعینات ان صہیونی فوجی افسروں اور انٹیلی جنس اہلکاروں کے نام بھی بتائے ہیں جو فلسطینی قائدین تک رسائی اور انہیں شہید کرنے کے لیے سادہ لوح شہریوں کو بلیک میل کرنےکی کوشش کرتے ہیں۔ ملزمان نے بتایا کہ اسرائیلی خفیہ اداروں کے ساتھ تعاون کے لیے انہوں نے غزہ کی پٹی میں علاقے تقسیم کر رکھے تھے۔ ملزمان نے بتایا کہ مزاحمتی کمانڈروں تک رسائی کے لیے کی جانے والی جاسوسی میں وہ فلسطینی انتظامیہ کےلیے بھی جاسوسی کرتے رہے ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کے ایک کرنل کے بھی ان ایجنٹوں سےرابطے رہے ہیں۔ یہ ایجنٹ اتھارٹی کے اس کرنل کو معلومات فراہم کرتے اور وہ آگے صہیونی حکام تک پہنچاتا رہا۔
اعترافات جرم کرنے کے بعد دشمن کے لیے جاسوسی کرنے والے ملزمان نے عوام سے اپنے جرائم کی معافی مانگی ہے اور ساتھ ہی اپنے شرمناک اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ شہری دشمن کی بلیک میلنگ کی سازشوں سے خبردار رہیں کیونکہ اسرائیلی فوج اور اس کے خفیہ ادارے مختلف حیلوں اور بہانوں سے سادہ لوح فلسطینیوں کو اپنے جال میں پھانس لیتے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
