(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے بیت حانون میں اسرائیل کے پھینکے گئے ناکارہ بم کے دھماکے میں تین کم سن فلسطینی سگے بھائی شدید زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ بچوں کی عمریں آٹھ اور تیرہ سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں ناکاری بم کا دھماکہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بحالی پناہ گزین’’اونروا‘‘ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی اسرائیل کے ناکارہ ہونے والے بموں کا ڈھیر بن چکا ہے۔ اونروا کی رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ سنہ 2014 ء میں غزہ کی پٹی پر 51 دن تک اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کے دوران پھینکے گئے 70 فی صد بم ناکارہ ہوگئے تھےجو مقامی آبادی کے لیے ٹائم بم کی طرح خطرہ بن چکے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ غزہ میں تباہ شدہ مکانات کے ملبے میں سات ہزار ناکارہ بم موجود ہیں جو ملبہ ہٹانے کی کارروائیوں میں بھی ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔
