مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فورسز نے شمالی غزہ کی پٹی میں بیت حانون قصبے میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک مقامی فلسطینی شہری زخمی ہوگیا۔ زخمی فلسطینی کی عمر 26 سال بیان کی جاتی ہے، اسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس کے بارے میں تازہ اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
ادھر ایک دوسری کارروائی میں قابض فورسز نے غزہ کی پٹی کے سمندر میں مچھلیوں کا شکار کرنے والے نو فلسطینی ماہی گیروں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
فلسطینی پولیس کے ترجمان ایمن البطنیجی نے بتایا کہ سمندر میں ماہی گیری کے دوران قابض فوجیوں نے فلسطینیوں کی کشتیوں کو گھیرے میں لے لیا اوران پر سوار نو فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے فلسطینی ماہی گیروں کو اسدود بندرگاہ کی جانب لے جایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 2014 ء میں مصر کی ثالثی کے تحت فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیلی فوج کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا جس میں غزہ کے شہریوں کو سمندر میں چھ کلو میٹر تک ماہی گیری کی اجازت دی گئی تھی مگر عملا اسرائیلی فوجی تین میل سے آگے نہیں جانےدیتے۔
