(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) صیہونی میڈیا نے آج اتوار کے روز تصدیق کی ہے کہ غیر قانونی ریاست اسرائیل کی فوج شمالی غزہ میں ناقابل برداشت نقصان اٹھا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، بیت حانون میں مزاحمتی فورسز کی جانب سے ایک دوہرے حملے میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ ایک افسر اور ایک سپاہی شدید زخمی ہوئے۔ اس کارروائی کو "دردناک حملہ” قرار دیا گیا ہے۔
اسرائیلی اخبار "معاریو” کے شمالی اور عسکری امور کے نمائندے، آوی اشکنازی نے اعتراف کیا کہ اسرائیلی فوج شمالی غزہ میں حکمت عملی کے لحاظ سے ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج پہلے کم شدت کے گولے اور فضائی حملے کرتی ہے، عمارتوں، سڑکوں اور محلوں کو تباہ کرتی ہے، اور پھر فوجی دستے وہاں داخل ہوتے ہیں۔
اشکنازی نے مزید کہا کہ حماس نے میدان میں بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں بچھا رکھی ہیں اور ان کے پاس بھاری تعداد میں مزاحمت کار موجود ہیں جو اینٹی ٹینک ہتھیاروں سے لیس ہیں اور شمالی غزہ میں اسرائیلی فورسز کا پیچھا کر رہے ہیں۔