اسرائیلی جیلوں میں اس وقت 4600 سے زائد فلسطینی اسیران پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ صہیونی انتظامیہ بہیمانہ تشدد، دردناک تفتیشی مراحل،
علاج اور بنیادی انسانی ضروریات سے محرومی کے ساتھ ساتھ اسیران کو عبادات کی ادائیگی سے روکنے سے بھی نہیں چوکتی۔ گزشتہ روز عوفر جیل کی انتظامیہ نے بھی فلسطینی اسیران جیل میں جمعہ کی نماز پڑھنے پر پابندی عائد کر دی۔
جیل کے ذرائع نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ انتظامیہ نے اسیران پر تنگیاں بڑھانے اور ان کو ان کے مذہبی حقوق سے محروم کرتے ہوئے نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی حکام نے ہدایات جاری کی ہیں کہ جیل میں نماز جمعہ ادا کرنے والے فلسطینی اسیران کو دوسری جیل منتقل کر کے چھ ماہ کی قید تنہائی میں ڈال دیا جائے گا۔ ان احکامات کے بعد اسیران میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

